اگلے ماہ میرے والد کو اس دنیا سے گزرے بارہ سال پورے ہو جائیں گے۔ بارہ سال۔۔۔ ابو جان ہی کی زبانی سنا کرتے تھے کہ بارہ سالوں میں پتھر بھی بدل جاتے ہیں۔ مگر ان کی سبھی باتیں ٹھیک کب تھیں؟ کافی پرانی بات ہے۔ خاندان کا ایک نوعمر چھوکرا ابو جان کے پاس کراچی پہنچا تھا اور انھوں نے اسے فضائیہ میں ملازم کروا دیا تھا۔ اس کے چند سال بعد وہ خود اپنی ملازمت چھوڑ کر پنجاب چلے آئے تھے۔ انھیں اپنے والد یعنی میرے دادا سے آٹھ ایکڑ زمین ورثے میں ملی تھی مگر مزاج ایسا قلندرانہ پایا تھا کہ وطن لوٹنے کے بعد بھائیوں سے واپس لینی ضروری نہ سمجھی۔ ایک دہائی گزری تھی کہ اسی خدا کے پاس جا پہنچے جس کے عشق میں عمر بھر گرفتار رہے تھے۔ ان کے بھائی ان جیسے نہ تھے۔ بلکہ ان جیسا تو کوئی بھی نہیں۔ خود ہم بھی نہیں۔ چچا کیسے ہوتے؟ وہ زمین پر قابض ہو گئے۔ میں نے ریڈیو سے ملنے والے ٹکوں اور ٹیوشن سے ملنے والی پائیوں سے گھر چلانا شروع کیا۔ سب امیدیں دم توڑ چکی تھیں کہ وہی چھوکرا، جو اب تایا ابو کا داماد بن چکا تھا، ایک بطلِ جلیل کی طرح منظر نامے پر ابھرا۔ اس نے آتے ہی چچاؤں کو زمین سے بیک بینی و دو گوش نکال باہر کیا اور۔۔۔ خود قابض ہو گیا۔ بارہ سال گزر چکے ہیں۔ میں بدل چکا ہوں۔ میرا شہر بدل چکا ہے۔ میرا ملک بدل چکا ہے۔ مگر پتھر نہیں بدلے۔ پنچایتوں سے لے کر عدالتوں تک جو کچھ بس میں تھا کر چکا۔ مجھ سے بہتر کون جانتا ہے کہ وطنِ عزیز میں حق اور صداقت کے کیا معانی ہیں اور ثبوت یا شہادت کس چڑیا کو کہتے ہیں۔ ہاں البتہ خدا بہت کچھ جانتا ہے۔ سو چند سال […]
قانون
متعلقہ نگارش