تعارف

راحیلؔ فاروق - اردو نگار

نام راحیلؔ فاروق۔

گوتم بدھ، امیر تیمور اور کوفی عنان جس روز پیدا ہوئے، فقیر نے بھی عین اُسی دن دنیائے دُوں میں نزول فرما کر ان ہستیوں کی عظمت پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی۔ اللہ اکبر!

پکاسؔو کو بھی اسی دن موت آئی۔ عقل والوں کے لیے اور اشارے کیا ہوں گے؟

شاید میں بڑا ہو جاتا اگر ابو فوت نہ ہوتے۔ اب تو لگتا ہے بڑا ہونے کی عمر ہی گزر گئی ہے۔

دلچسپیوں میں ادبیات، فلسفہ، مذہب، انٹرنیٹ اور موسیقی وغیرہ کے شانہ بشانہ لاتعداد ناگفتنی امور شامل ہیں۔ حال کم و بیش یہی ہے کہ کسی موچی کو اچھا جوتا گانٹھتے دیکھ لوں تو دنیا کا عظیم ترین موچی بننے کی منصوبہ بندی کرنے لگتا ہوں۔

مجھے جاننے والے کہتے ہیں کہ میں اپنے آپ کو خطرناک حد تک جانتا ہوں۔ پڑھیے سبحان اللہ!

خانیوال کے ایک نواحی قصبے عبدالحکیم سے تعلق ہے۔ چندے ریڈیو پاکستان پہ براڈ کاسٹر رہا۔ مدتے عشق کا بیمار رہا۔ کچھ عرصہ قبل مسیحا سے شادی کر لی۔ اور اب۔۔۔

ہم وہاں ہیں، جہاں سے ہم کو بھی
کچھ ہماری خبر نہیں آتی

لوحِ محفوظ پہ میرے نام کے ساتھ خرابِ غزلِ ناب لکھا تھا۔ سو ایک صحیفہ غزلیات کا بھی شائع کرانا پڑا۔ نہ جائے رفتن، نہ پائے ماندن!

اردو بلاگنگ کا جہان نو آفریدہ ہے۔ جہاں تک میری ذات کا تعلق ہے، میں اس دنیا کا آدم ہوں نہ دجال۔

مصحفِ درد سے شناخت ہوا
میں نہ شارع نہ مہدئِ موعود

اردو شاعری، کہانیاں، ڈرامے، آپ بیتیاں، جگ بیتیاں، شذرات، شطحیات، لغویات۔۔۔ کیا ہے جو آپ یہاں نہ پائیں گے۔ مگر ہمیں کہنے دیجیے کہ ان تمام کا معیار ابھی خود گیسوئے اردو کی طرح منت پذیرِ شانہ ہے۔ لہٰذا اس بلاگ کی گنجائش نہ بھی ہو تو ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہم لکھیں گے گرچہ مطلب کچھ نہ ہو!