جواں بخت کو نیک اختر مبارک

میرے بھائی، میرے محسن، میرے مربی، محمد احمدؔ کے لیے!

جواں بخت کو نیک اختر مبارک
مبارک مبارک مکرر مبارک

نیا ہی رہے یہ نیا رشتہ دائم
نئی زندگی اور نیا گھر مبارک

ہوئے دل کے ویرانے آباد آخر
محبت کی مسجد کو دو سر مبارک

معیت میں عزت رفاقت میں الفت
تبرک تبرک سے بڑھ کر مبارک

خدا پاس لایا خدا ساتھ رکھے
دلِ منتظر کو ہو دلبر مبارک

جو دل میں ہے راحیلؔ لب پر نہ کیوں ہو
سراسر مبارک برابر مبارک​

راحیلؔ فاروق

۱۰ اپریل ۲۰۱۷ء

تبصرہ کیجیے