اردو محفل: امتحاں اور بھی باقی ہو تو یہ بھی نہ سہی!

اُردُو نِگار
اردو محفل میں ایک بہت خاص بات ہے۔ میں نہیں جانتا کہ یہ خصوصیت محض اتفاق کا شاخسانہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی حکمتِ عملی کارفرما ہے۔ بہرحال، ہے یوں کہ زبانوں کے حوالے سے بعض نہایت غیرمعمولی لوگ اس فورم پر موجود ہیں۔ بڑے صاحبِ علم، بڑے شائستہ، بڑے روشن نگاہ، بڑے زیرک۔ ان لوگوں کی شناخت شاید پاک و ہند کے ادبی منظر نامے پر اتنی واضح نہ ہو مگر ظالموں کے گن ایسے ہیں کہ کیا ہی بتاؤں۔ یعنی خود ہمارا ادبی منظر نامہ تو ان کے نہ ہونے سے مشکوک ہو سکتا ہے مگر یہ ممکن نہیں کہ کوئی ان کی طرحداریاں دیکھ لینے کے بعد ان سے نظر پھیر سکے۔
محفل پر میری رکنیت ۲۰۱۲ء سے ہے۔ معاشقے کو شاید ابھی ایک سال بھی نہیں ہوا۔ مشہور ہے کہ رات بھر یوسف و زلیخا کا قصہ چلتا رہا اور صبح کسی گنوار نے پوچھا، "یہ زلیخا کون تھی؟" اس امکان سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ موصوف میرے کوئی دور کے رشتہ دار رہے ہوں۔ کیونکہ بعینہٖ یہی گنوار پنا میں نے بھی محفل کے حوالے سے ظاہر کیا ہے۔ یعنی رکنیت کے ایک عرصہ بعد تک مجھے معلوم ہی نہیں تھا کہ محفل ہے کیا!
خیر، جب معلوم ہوا تو عاشقی نبھانے میں جی جان سے جت گیا۔ جوئے شیر لانے کا تو اب رواج نہیں۔ ہوتا بھی تو یہ کام مزدوروں پہ زیادہ پھبتا ہے۔ جہاں تک آنکھ مٹکے اور چوما چاٹی وغیرہ جیسی نستعلیق روایات کا تعلق ہے تو اس میں کوئی کسر میں نے نہیں چھوڑی۔ آپ پریشان ہو رہے ہوں گے۔ استعارے سے ہٹ کر بات کروں تو مراد یہ ہے کہ نیند ٹوٹتے ہی محفل کھول لی جاتی تھی اور محفل ٹوٹتے ہی دوبارہ سو جاتا تھا۔ کیا گھر والے، کیا یار دوست۔ سبھی واقف تھے کہ راحیل ہوش میں ہو تو کمپیوٹر پر ہوتا ہے اور کمپیوٹر کے حواس بجا ہوں تو وہ محفل کے سر۔
محفل کی شانِ محبوبی کی تو پھر بات ہی کیا ہے!
اتنے احسان کہ گنواؤں تو گنوا نہ سکوں!
مجھے کسی آن لائن کمیونٹی سے گزشتہ گیارہ بارہ سالوں میں اتنا کچھ حاصل نہیں ہوا جتنا محفل سے کچھ ہی دنوں میں مل گیا۔ اثاثہ بن گئی محفل۔ اور اب بھی ہے۔ ہمیشہ رہے گی۔
پھر ایک گڑبڑ ہو گئی۔
مجھے پتا چلا کہ سرگوشیاں ہو رہی ہیں میرے بارے میں۔ میرے دین، مذہب، اخلاق، کردار، نفسیات سمیت کافی چیزیں زیرِ غور ہیں۔ پتا نہیں کون کر رہا تھا۔ آج تک نہیں پتا۔
کسی نے کھل کر کوئی بات نہیں کی۔ کی ہوتی تو شاید میں محفل نہ چھوڑتا۔ مزاج سے کسی کو مفر نہیں۔ ہر شخص اپنی افتادِ طبع کا کم یا زیادہ غلام ہوتا ہے۔ میں بھی ہوں۔ میرے مزاج کا ایک عجیب خاصہ رہا ہے۔ جو شے میری سمجھ میں نہ آئے مجھے اس سے نفرت ہو جاتی ہے۔ شدید نفرت۔
اس رویے نے کیا کیا گل نہیں کھلائے؟ مجھ سے میرا بہت کچھ چھین لیا۔ رشتے، محبتیں، عزت، دولت، سکون۔ شاید ہی میری زندگی کا کوئی پہلو ہو جسے اس عادت سے زک نہ پہنچی ہو۔ مگر پنجابی محاورے میں کہا جاتا ہے کہ عادت سر کے ساتھ جاتی ہے۔ سر ابھی سلامت ہے۔ عادت کیسے چھوٹے؟
آدھی عمر گزار کر، بڑے جوتے کھا کر، بڑے کشٹ اٹھا کر، بڑا رو رو کر میں نےصرف ایک ہستی کو مستثنیٰ کیا۔ آپ کا میرا رب۔ اس کی بات نہ بھی سمجھ میں آئے تو میں مان لیتا ہوں۔ سر جھکا دیتا ہوں۔ چپ سادھ لیتا ہوں۔ مگر اور کسی کو یہ اعزاز بخشا ہے نہ بخشنے کا ارادہ ہے۔
سو میں نے بڑی کوشش کی کہ معلوم ہو جائے کہ کون سرگوشیاں کر رہا ہے۔ میں سمجھ سکوں کہ معاملہ کیا ہے۔ کئی لوگ تھے۔ مگر میرے یار، میرے مخبر بھی اپنی اخلاقیات کے ایسے پابند تھے کہ انھوں نے کسی کا پول نہیں کھولا۔ صرف مجھے متنبہ کرنا ضروری سمجھا۔ میں ان کا شکرگزار ہوں۔ مگر اس چیز نے بدگمانی کو ہوا دی۔ میں نے محفل چھوڑ دی۔
میں اب بھی محفل پر جاتا ہوں۔ گھومتا پھرتا ہوں۔ مزے لیتا ہوں۔ پیارے لوگوں کی پیاری پیاری باتیں پڑھتا ہوں۔ اب احساس ہوا ہے کہ باغ میں گھومنے کے لیے مالی کی ملازمت کرنا کچھ ایسا ضروری بھی نہ تھا۔ سب کچھ تو ہے۔ پھول اب بھی ویسے ہی کھلے ہیں۔ بلبلیں اب بھی چہچہاتی ہیں۔ صبا کا گزر اب بھی ہوتا ہے۔ مگر
وہ سانپ رینگتے ہوئے چنبیلیوں کی اوٹ میں
مجھے نہ تب نظر آئے جب میں مالی تھا نہ اب دکھتے ہیں۔ ویسے بھی ان کی دشمنی مالیوں سے ہو تو ہو، مجھ جیسے ہوا خوروں نے ان کا کیا بگاڑا ہے؟
کہنے کا مطلب یہ ہے کہ میں نے کسی سے جھگڑ کر محفل نہیں چھوڑی۔ مجھے کسی سے بھی خدانخواستہ کوئی گلہ شکوہ نہیں۔ جن سے تھوڑا بہت ہے ان کا پتا ہی نہیں کہ وہ ذات ہائے شریف ہیں کون۔ شکوہ تو نہ ہوا نہ پھر!

راحیلؔ فاروق

اُردُو نِگار

ہیچ نہ معلوم شد آہ کہ من کیستم... میرے بارے میں مزید جاننے کے لیے استخارہ فرمائیں۔ اگر کوئی نئی بات معلوم ہو تو مجھے مطلع کرنے سے قبل اپنے طور پر تصدیق ضرور کر لیں!

19 تبصرے :

  1. ہاہا لوگ تو پتھر کھایا کرتے ہیں اور آپ چہ میگوئیوں سے بھاگ نکلے۔ کیا ہوئیں ہند و فارس کی قدیم روایات؟
    سانپ تو مجھے نظر نہیں آئے کہیں آج تک۔ ہاں یہ آپ کے مخبر ملیں تو ضرور خبر لوں۔

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. راحیل فاروق6 ستمبر، 2016 1:43 PM

      مجھے احساس ہے کہ میری اس حرکت سے نہ صرف ہند و فارس بلکہ پورے تمدنِ قدیم کا بیڑا غرق ہو گیا ہے مگر کیا کروں۔ تقدیر کا لکھا سمجھ کر خاموش ہوں۔
      خبریں تو سب پہلے ہی دے چکے مخبر۔ اب تو صرف افواہیں بچی ہوں گی۔ سو وہ کسی مستند اردو اخبار میں بھی پڑھی جا سکتی ہیں!

      حذف کریں
  2. کیا ہو گیا صاحب، چھوڑیے ان باتوں کو، کہنے والوں کو کہنے دیں، بھونکنے والوں کو بھونکنے دیں کہ آوازِ سگاں کم نہ کند رزقِ گدا را :)

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. راحیل فاروق6 ستمبر، 2016 1:54 PM

      وارث بھائی، میں تو اس بات ہی پر پھولا نہیں سما رہا کہ آپ میرے بلاگ پر تشریف لائے۔ زہے نصیب!
      جہاں تک آوازِ سگاں کا تعلق ہے تو اس سے واقعی کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔ رزقِ گدا پہلے ہی بہت کم ہے۔ :)
      میں جناب کی تشریف آوری پر ایک دفعہ پھر تہِ دل سے ممنون ہوں۔

      حذف کریں
  3. چھوڑئیے صاحب آپ کے جانے پر کیا چہ مگوئیاں نہ ہوں گی؟ سرگوشیوں کو آواز تو آپ نے خود بنایا لوٹ آئیے یوں اجنبی سرگوشیوں کی خاطر اپنوں کی صدا کو سنی ان سنی نہیں کیا کرتے

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. راحیل فاروق6 ستمبر، 2016 2:03 PM

      آپ نے میرے بتنگڑ کی معمولی سی بات بنا دی۔ یقین کیجیے دلی خوشی ہوئی۔

      حذف کریں
  4. راحیل بھائی السلام علیکم! میں ظہیر آپ سے مخاطب ہوں ۔
    اللہ تعالی آپ کو ہمیشہ شاد آباد رکھے اور آپ کو ہر داخلی اور خارجی شر سے اپنی امان مین رکھے۔ آمین!
    بھائی یہ سرگوشیاں کب نہین ہوتیں اور کہاں نہیں ہوتیں؟! ایسی باتوں سے دل میلا مت کیجئے ۔ ان لوگوں کو معاف کردیں اور انہیں ان کے حال پر چھوڑدیں ۔ اور ویسے بھی ان سرگوشیوں کی سزاہمیں نہیں ملنی چاہئے -:)
    بھائی فورا سے پیشتر واپس لوٹ آؤ ورنہ مجھے عبدالحکیم آنا پڑے گا-:)

    ظہیر احمد ظہیر

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. راحیل فاروق6 ستمبر، 2016 2:10 PM

      وعلیکم السلام، ظہیر بھائی۔
      آپ کے ارشادات سر آنکھوں پر۔
      اگر آپ نے یہ دھمکی سنجیدگی سے دی ہے تو کون کافر محفل پہ لوٹنا چاہے گا؟ آپ عبدالحکیم تشریف لے آئیے!
      بھائی، محفل پہ واپس آنا اب میرے بس میں ہی نہیں۔ میرے Login Credentials تلف ہو چکے ہیں۔

      حذف کریں
  5. اتنے کم ہمت لگتے تو نا تھے آپ۔ اچھا۔۔ جہاں رہیں۔۔۔جی جی وہی وہی
    کبھی دل کیا تو لوٹ آئیے گا کوئی کچھ نا کہے گا

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. راحیل فاروق6 ستمبر، 2016 2:12 PM

      دل تو بچہ ہے جی!

      حذف کریں
  6. السلام علیکم
    عباس اعوان مخاطب ہوں آپ سے
    سوچ رہا تھا کہ محفل پر آپ کو پاکستان آنے کی اطلاع دوں گا لیکن آپ چھوڑ کے ہی چلے آئے، بہر حال، آمد بہت جلد متوقع ہے ان شاء اللہ تعالیٰ. ملاقات کی کوئی سبیل نکالیے

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. راحیل فاروق6 ستمبر، 2016 2:17 PM

      وعلکیم السلام، عباس بھائی۔
      آپ یاد اللہ کے صفحے پر ایک پیغام چھوڑ دیجیے۔ میں آپ سے رابطہ کر لوں گا۔
      چشم براہ!

      حذف کریں
  7. اففف اب ہم اصلاح کیسے لیں گے سر ؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟
    عباد اللہ

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. راحیل فاروق6 ستمبر، 2016 2:20 PM

      محفل پہ مصلحین کی کوئی کمی ہے، عباد؟
      مذاق برطرف، میرا تو تم سے رشک کا رشتہ ہے۔ اسے ایسا ہی رہنے دو تو میں خوش رہوں گا۔

      حذف کریں
  8. السلام علیکم۔ ابھی ابھی یہ خوفناک خبر دیکھی محفل میں۔ رہا نہ گیا یہاں آگیا۔ بھائی آجاؤ واپس۔ جو بھی چہ مگوئیاں ہیں مل جل کر ان کو منہ توڑ تھپڑ دے ماریں گے۔ "خدا کے لیے اب تو آجاؤ - واپس - ۔۔۔ جانے کی باتیں جااانےےےےے دو۔" کچھ پتا لگے کہ کیا سرگوشیاں کیا چہ مگوئیاں ہیں؟؟؟؟

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. راحیل فاروق6 ستمبر، 2016 2:26 PM

      وعلیکم السلام۔
      امین بھائی، مل کے ایک نئی ایم کیو ایم نہ بنا لیں؟ محفل والوں کا تو پتا نہیں۔ اور بندے کافی ہیں جن کے منہ توڑنے کو جی چاہتا ہے۔ ہاہاہاہاہا۔
      تپا ہی تو نہیں چلا بھائی کہ سرگوشیاں، چہ میگوئیاں کیا ہیں۔ ورنہ ہم ان سے بات کرتے یا محض نظر انداز کر دیتے۔ اب اس لاعلمی کے عالم میں تو قہرِ درویش بر جانِ درویش ہی ہو سکتا ہے۔

      حذف کریں
  9. بس کرو یار۔۔۔۔ سب اپنے ہیں

    جواب دیںحذف کریں
  10. میرا خیال ہے کہ اب آپ محفل میں واپس آ چکے ہیں او شاید مالی کی ملازمت بھی دوبارہ قبول کر لی ہے ۔۔ کیونکہ کافی جگہوں پہ میں نے آپ کے مراسلے دیکھے ہیں ۔۔۔ اللہ کا شکر ہے کہ آپ جیسی شخصیات سے واقفیت ہو ئی اور قربت میسر ہوئی ۔۔ بہت کچھ سیکھنے کو مل بھی رہا ہے اور ملے گا بھی انشا ءاللہ اگر آپ کا ساتھ رہا تو ۔۔

    مختصر یہ کہ میں بھی محفل میں آپ کے فینز میں سے ایک ہوں ۔۔ اللہ آپ کو سلامت رکھے آمین

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. راحیل فاروق17 اکتوبر، 2016 5:44 PM

      جی بالکل۔
      بہت شکریہ! :)

      حذف کریں